اسلام آباد (ویب ڈیسک) — بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو تفصیلی خط ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بی سی بی نے آئی سی سی کی جانب سے اٹھائے گئے تمام سوالات کے جوابات ثبوتوں کے ساتھ دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی بی نے اپنی خط میں کرکٹ ٹیم کے ساتھ میڈیا پرسنز، فینز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی سیکیورٹی اور ویزہ کے معاملات بھی اٹھائے ہیں۔
بی سی بی نے خط کے ساتھ حکومتی موقف اور بیانات کو بھی ثبوت کے طور پر پیش کیا ہے۔
اپنے خط میں بی سی بی نے بنگلہ دیشی ٹیم کی سیکیورٹی کے خدشات اور حکومتی پالیسی کو دوبارہ واضح کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل بھارت میں انتہا پسندانہ دھمکیوں اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکم پر آئی پی ایل میں بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرز نے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو اپنی ٹیم سے باہر کر دیا تھا، جس کے بعد بی سی بی نے سیکیورٹی خدشات کے جواز سے آئی سی سی سے بھارت میں شیڈول میچز منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔
بنگلہ دیش کی حکومت کا بھی یہی موقف ہے کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بنگلہ دیش کی ٹیم عالمی کپ کھیلنے کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، گروپ سی میں شامل بنگلہ دیش کی چار میں سے تین میچز کولکاتا اور ایک میچ ممبئی میں ہونے والے ہیں۔
0 تبصرے