سلطان سلمان خان نے سپر اسٹار راجیش کھنہ کا بنگلہ خریدنے کے لیے انہیں مفت کام کرنے کی پیشکش کی تھی
ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے بھارتی سنیما کے پہلے سپر اسٹار راجیش کھنہ کا بنگلہ خریدنے کے لیے انہیں مفت کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1960 کی دہائی کے آخر اور 1970 کی دہائی کے آغاز میں جب سپر اسٹار راجیش کھنہ مالی مشکلات کا شکار تھے، اس وقت سلمان خان نے ان سے مشہور بنگلہ ’’آشرواد‘‘ خریدنے اور اپنی فلم میں بغیر معاوضہ کام کرنے کی پیشکش کی، تاہم راجیش کھنہ نے ان کی نیت پر شک کرتے ہوئے انہیں ٹھگ قرار دیا اور کہا کہ ’’یہ مجھے تباہ کرنا چاہتا ہے۔‘‘
راجیش کھنہ نے اپنا بنگلہ ستر کی دہائی کے آغاز میں اداکار راجندر کمار سے ساڑھے تین لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔ اداکار کا خیال تھا کہ سلمان خان بنگلہ خرید کر انہیں مالی اور سماجی طور پر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ستر کی دہائی میں راجیش کھنہ کا ستارہ ڈھلنے لگا تھا اور ان کی جگہ فلموں ’’زنجیر‘‘، ’’شعلے‘‘ اور ’’دیوار‘‘ کے ذریعے امیتابھ بچن نے لے لی تھی۔
راجیش کھنہ پر لکھی گئی کتاب ’’ڈارک اسٹار: دی لونیلینس آف بینگ راجیش کھنہ‘‘ کے مصنف گوتم چنتامنی کا کہنا ہے کہ ’’سلمان خان نے اپنے بھائی سہیل خان کے لیے راجیش کھنہ کا بنگلہ خریدنے کی خاطر انہیں کئی پرکشش پیشکشیں کیں اور ان پر عائد بھاری انکم ٹیکس نوٹس کی رقم ادا کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ ساتھ اداکار کی کسی بھی فلم میں بغیر معاوضہ کام کرنے کی پیشکش بھی کی۔‘‘
تاہم راجیش کھنہ نے اپنا بنگلہ فروخت نہیں کیا اور اسی گھر میں اکیلے رہتے ہوئے انتقال کر گئے، ان کے انتقال کے بعد بنگلہ فروخت ہو گیا اور آج وہاں ایک کثیر المنزلہ عمارت تعمیر ہو چکی ہے۔
0 تبصرے