27ویں ترمیم پر حکومت نے ابھی تک اعتماد میں نہیں لیا: فاروق ستار

فاروق ستار کا کہنا ہے کہ 27ویں ترمیم کے حوالے سے حکومت کی طرف سے اب تک کوئی باضابطہ مشاورت نہیں کی گئی۔

27ویں ترمیم پر حکومت نے ابھی تک اعتماد میں نہیں لیا: فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم پر تاحال حکومت کی جانب سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہیں معلوم ہوگا کہ ترمیم میں کون سی تبدیلیاں شامل ہیں، تب وہ اسی کے مطابق اپنا مؤقف پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جتنی جلد اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی، اتنا بہتر ہوگا۔ فاروق ستار نے کہا کہ بلدیاتی آئینی ترمیم کے حوالے سے وزیرِ اعظم، وزیرِ قانون اور وفاقی وزراء نے ایم کیو ایم سے وعدہ کیا ہوا ہے، اس لیے 27ویں آئینی ترمیم کے ساتھ بلدیاتی ترمیمی بل کی منظوری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مجوزہ ترمیم میں گورننس، انتظامی امور اور کراچی کے مسائل کا حل بھی شامل ہونا چاہیے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ وفاقی حکومت کے ساتھ 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر تاحال کوئی مشاورت نہیں ہوئی، اور فی الحال وزیرِ اعظم سے ملاقات بھی طے نہیں ہے۔