مقررین کا سر سلطان محمد شاہ کی خدمات کو خراجِ عقیدت، نوجوانوں کی جانب سے کلام کی روح پرور پیشکش
کراچی (وسیم قریشی) بروشسکی ریسرچ اکیڈمی کی جانب سے سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوئم کے 148ویں یومِ ولادت کے موقع پر اتوار 2 نومبر 2025 کو سامبارا آرٹ گیلری، لیاقت نیشنل لائبریری کراچی میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سر سلطان محمد شاہ کو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ان کی نمایاں خدمات پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب سے محقق و ادیب پروفیسر ہما خفار، غضنفر زیدی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سر سلطان محمد شاہ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ سر سلطان محمد شاہ جیسی ہمہ گیر شخصیتیں صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے سیاست، معاشیات، ادب، ثقافت، تعلیم اور صحت سمیت ہر میدان میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں، جنہیں تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
اس موقع پر نوجوانوں کے مختلف گروپس نے معروف شعراء کے کلام کو، جو سر سلطان محمد شاہ کی مدح میں لکھا گیا تھا، رباب کے سُروں اور دف کے حسین امتزاج کے ساتھ پیش کیا، جس نے محفل کو ایک روح پرور سماں بخش دیا۔
تقریب میں بروشسکی ریسرچ اکیڈمی سے شہناز سلیم ہنزائی، ڈاکٹر روبینہ اور یاسمین فِدّا نے اکیڈمی کے اغراض و مقاصد اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حاضرین کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروشسکی ریسرچ اکیڈمی کا مقصد علم، تحقیق اور ثقافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ برصغیر کی علمی و تہذیبی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
0 تبصرے