وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا سندھ کے عوام کے لییے رواں مالی سالM6 اور M10 موٹرویز کا اعلان

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا لیاری ایکسپریس وے پر جاری کام پر عدم اطمینان

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا سندھ کے عوام کے لییے رواں مالی سالM6 اور M10 موٹرویز کا اعلان

وفاقی وزیر برائے مواصلات، عبدالعلیم خان نے کراچی کے موجودہ انفراسٹرکچر کی صورتحال پر دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالت ہمارے ملک کے معاشی مرکز کے شایانِ شان نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنے دورۂ کراچی کے دوران انہوں نے لیاری ایکسپریس وے پر جاری کام کو غیر تسلی بخش پایا، جس پر انہوں نے ممبر ساؤتھ کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ، "یہ میرا کراچی کے عوام سے وعدہ ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کو ایک مثالی انفراسٹرکچر میں تبدیل کیا جائے گا۔" جناب عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ایم–6 موٹروے (سکھر تا حیدرآباد) اور ایم–10 موٹروے (حیدرآباد تا کراچی پورٹ) پر ترقیاتی کام اسی مالی سال کے دوران شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں منصوبے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کراچی کے عوام کو جلد ایک صاف ستھرا شہر اور بہترین انفراسٹرکچر میسر آئے گا، جس کے وہ حقیقی معنوں میں مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان موٹرویز کی تکمیل کے بعد کراچی پورٹ پورے ملک کے ساتھ براہِ راست منسلک ہو جائے گا، جس سے تجارت، لاجسٹکس اور روابط میں نمایاں بہتری آئے گی۔ جناب عبدالعلیم خان نے یہ خیالات اپنے سرکاری ایکس (X) اکاؤنٹ پر اظہار کرتے ہوئے بتایاکہ وہ اس وقت کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC 2025) میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔