ایس ایس ڈبلو ایم بی ٹرافی گرلز باسکٹ بال ٹرائینگولر سیریز کا فائنل کراچی ٹیم نے جیت لیا

ایس ایس ڈبلو ایم بی ٹرافی گرلز باسکٹ بال ٹرائینگولر سیریز کا فائنل کراچی ٹیم نے جیت لیا

ٹنڈوجام: سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں ایس ایس ڈبلو ایم بی ٹرافی گرلز باسکٹ بال ٹرائینگولر سیریز کا فائنل کراچی ٹیم نے جیت لیا۔ کراچی کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد ٹیم کو 16-32 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اختتامی تقریب میں کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی اور وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی انجینئر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں، شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے۔تفصیلات کے مطابق، سندھ زرعی یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے زیرِ نگرانی، یونیورسٹی اسپورٹس کمپلیکس میں سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ایس ایس ڈبلو ایم بی ٹرافی گرلز باسکٹ بال ٹرائینگولر سیریز کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میں کراچی کی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 32-16 پوائنٹس سے حیدرآباد ٹیم کو شکست دی اور سیریز اپنے نام کرلی۔ان مقابلوں میں افضا علی، سمرن لوہانہ، فریحہ افضل، ماہین، صبا خان اور دیگر کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اختتامی تقریب کے موقع پر کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی اور سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں، شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی نہ صرف اعلیٰ تعلیم بلکہ کھیلوں کے فروغ میں بھی شاندار کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے صوبائی اور قومی سطح کے معیاری مقابلوں کا انعقاد کر کے حیدرآباد ڈویژن کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ حیدرآباد کے چھوٹے بڑے گراؤنڈز کی تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کمشنر نے اعلان کیا کہ لطیف آباد میں موجود بورڈ اسٹیڈیم اور باسکٹ بال کورٹ کی تزئین و آرائش کا کام جلد شروع کیا جائے گا تاکہ وہاں قومی سطح کے مقابلے منعقد ہو سکیں۔وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی انجینئر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی نہ صرف اپنے طلبہ و طالبات کے لیے ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، فٹسال اور انڈور کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے بلکہ مقامی تعلیمی اداروں کے طلبہ اور نوجوانوں کے لیے بھی مشترکہ مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ کھیلوں کے فروغ میں اشتراکِ عمل پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس ضمن میں مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں کھیلوں کے میدان میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں گے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ سیشن جج میش کمار، حاجی غلام محمد خان، ڈائریکٹر اسپورٹس انور حسین خانزادہ، مسرور میمن، عامر شریف، سید شعیب اختر، ریحانہ بھٹی، کاشان خان سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔