کراچی میں الیکٹرانک چالان سسٹم میں سنگین غلطیاں

کراچی میں ٹریفک پولیس کے الیکٹرانک چالان سسٹم میں غلطیاں سامنے آنے لگیں، متعدد شہریوں کو ایسے چالان موصول ہو رہے ہیں جو ان کی گاڑیوں یا مقام سے مطابقت نہیں رکھتے۔

کراچی میں الیکٹرانک چالان سسٹم میں سنگین غلطیاں

کراچی میں جدید الیکٹرانک چالان سسٹم میں غلطیوں اور تضادات کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ایک شہری کو موصول ہونے والے چالان میں موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ کی تصویر اور چالان پر درج نمبر الگ ہیں۔ چالان میں مقام تین تلوار کلفٹن اور وقت 27 اکتوبر صبح 9 بج کر 45 منٹ درج ہے، تاہم متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت اسکیم 33 میں اپنے گھر پر موجود تھا۔ چالان میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار 500 روپے جرمانہ اور 6 ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کیے گئے۔ شہری کے مطابق چالان پر درج موٹرسائیکل نمبر اس کا نہیں ہے، جبکہ تصویر میں دکھائی گئی نمبر پلیٹ بھی مختلف ہے۔ ذرائع کے مطابق چالان نمبر پلیٹ کے اندراج کی بنیاد پر جاری کیا گیا، لیکن نمبر پلیٹ کی تصویر اور انگلش میں لکھے گئے نمبر آپس میں میل نہیں کھاتے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ الیکٹرانک چالان سسٹم میں تکنیکی خامیاں موجود ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ غلطیاں درست نہ ہوئیں تو بے گناہ شہریوں پر بلاوجہ جرمانے عائد ہونے کا سلسلہ بڑھ سکتا ہے۔