باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام، ٹی ٹی پی سربراہ نور ولی محسود کا نائب ہلاک

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ٹی ٹی پی سربراہ نور ولی کے نائب سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام، ٹی ٹی پی سربراہ نور ولی محسود کا نائب ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب باجوڑ میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے خوارج گروہ کی مشتبہ نقل و حرکت بروقت شناخت کی اور دراندازی کی کوشش کو مؤثر انداز میں ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے، جن میں اہم خارجی کمانڈر امجد عرف مزاحم بھی شامل ہے جو ٹی ٹی پی سربراہ نور ولی محسود کا قریبی ساتھی اور نائب تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد امجد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا، اور اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ وہ افغانستان میں رہ کر پاکستان میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن مزید سخت کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری تدارک کیا جا سکے۔