وفاقی محتسب ٹیم کا کراچی کینٹ اور سٹی ریلوے اسٹیشنز کا معائنہ — سہولیات کو سراہا، مسافروں کیلئے مزید آسانیوں کی ضرورت پر زور

وفاقی محتسب ٹیم کا کراچی کینٹ اور سٹی ریلوے اسٹیشنز کا معائنہ — سہولیات کو سراہا، مسافروں کیلئے مزید آسانیوں کی ضرورت پر زور

کراچی، وفاقی محتسب کراچی کے ممبر (انچارج) امیر احمد شیخ، ایسوسی ایٹ ایڈوائزر مولابخش شیخ اور ڈائریکٹر راشد احمد شیخ نے پاکستان ریلوے کے کراچی کینٹ اور کراچی سٹی ریلوے اسٹیشنز کا دورہ کیا، جہاں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی سروس کے معیار کا جائزہ لیا گیا۔ دورے کے دوران ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی محمود الرحمن لاکھو نے ڈپٹی ڈی ایس (RS) محمد ادریس کے ہمراہ وفد کا خیرمقدم کیا اور وفد کو پاکستان ریلوے کراچی ڈویژن کے انتظامی ڈھانچے اور کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ 1898 میں قائم ہونے والا کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن ملک کے مصروف ترین اسٹیشنز میں سے ایک ہے۔ اس اسٹیشن میں 8 پلیٹ فارم، 11 ورکنگ لائنز اور 26 وینڈنگ اسٹالز موجود ہیں۔ روزانہ 22 ٹرینیں یہاں سے روانہ ہوتی ہیں جبکہ یومیہ 30 سے 35 ہزار مسافر اس اسٹیشن سے سفر کرتے ہیں اور تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ امیر احمد شیخ نے محدود وسائل کے باوجود ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کے آرام و سکون، عملے کے خوش اخلاق رویے اور خصوصاً بزرگوں، خواتین اور طویل سفر کرنے والے خاندانوں کی بہتر رہنمائی و سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان کی آراء اور تجاویز معلوم کیں۔ مزید برآں، انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی سہولیات کی دیکھ بھال، اسٹیشنز کی صفائی، مسافروں کی رہنمائی کے نظام میں بہتری اور شکایت و ازالہ کے نظام کو مضبوط بنایا جائے۔ ایسوسی ایٹ ایڈوائزر مولابخش شیخ نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی حقوق کے تحفظ اور بدانتظامی کے خلاف شہریوں کو انصاف کی فراہمی کا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ دورے کے اختتام پر جناب امیر احمد شیخ صاحب کراچی سٹی اسٹیشن پہنچے، جہاں انہوں نے ڈی ایس آفس میں سپرنٹنڈنٹ کراچی محترم محمود الرحمن لاکھو اور دیگر افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں تمام ڈویژنل اور متعلقہ افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی، مسائل اور تجاویز سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے ریلوے حکام پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ مزید محنت اور لگن سے کام جاری رکھیں تاکہ مسافروں کی سہولت اور خدمت کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔