ذاکر مستانہ نے دیا نام، شکیل صدیقی سے ملاقات کی خواہش نے شوبز میں قدم رکھنے پر اُبھارا
کراچی (ملاقات: وسیم قریشی + تصویرے عالم خان)
کمپیئر و اداکارہ مہک نور کا کہنا ہے کہ شوبز میں آنے کا شوق انہیں کامیڈین شکیل صدیقی سے ملاقات کی خواہش نے دیا اور جب وہ انڈسٹری میں داخل ہوئیں تو اللہ کے فضل سے سبھی سینئر آرٹسٹوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ وہ کامیڈی کنگ عمر شریف کے ساتھ اسٹیج پر کام کرنے کو اپنے فنی سفر کا یادگار لمحہ قرار دیتی ہیں۔مہک نور جن کا اصل نام سحر خان ہے شوبز کی دنیا میں ان کا نام میں مہک نور ذاکر مستانہ نے رکھا
انہوں نے کراچی اسٹیج کے مشہور فنکاروں میں شکیل صدیقی ، سلیم آفریدی، رؤف لالا، ذاکر مستانہ، پرویز صدیقی ولی شیخ ، عامر ریمبو ، شرابیل , سلیم شیخ ، شکیل شاہ اور شفقت تارا کے ساتھ بھی مختلف ڈراموں میں کام کیا، جبکہ فی میل آرٹسٹوں میں سلومی ، نعیمہ گرج ، شہنی عظیم ، زرین غزل ، سپنا غزل ، صبا شیخ , حنا ملک اور دیگر باصلاحیت فنکاراؤں کے ساتھ اسٹیج پر شاندار پرفارمنسز دی ہیں۔
مہک نور نے سب سے پہلے میٹرو ٹی وی کے ڈرامے کلو ملو سلو سے فنی سفر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد آرٹس کونسل کے ڈرامے "جوڑی بکرے کی" میں علی حسن اور عرفان ملک کے ساتھ کام کیا۔ اس ڈرامے میں ان کی ایک مختصر انٹری تھی جو انہوں نے مرحوم کامیڈین سکندر صنم کے بیٹے سمیر صنم کے ساتھ کی ۔ اسی ڈرامے کے بعد لوگ اور ڈائریکٹرز ان کے کام کی بدولت ان پر توجہ دینے لگے۔
مہک نور کا کہنا ہے کہ شکر ہے آج 2025 میں بھی ان کا فنی سفر جاری ہے اور وہ بہترین کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کئی نامور ہدایتکاروں جیسے آدم راٹھور، جمیل راہی، یونس میمن، ایچ اقبال، نعمان خان اور دیگر کے ساتھ اچھے پروجیکٹس کیے۔
ان کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے ہے جہاں شوبز کی دنیا میں کوئی اور فرد موجود نہیں۔ وہ پانچ بہنیں اور ایک بھائی ہیں، والد صاحب بھی ان کے ساتھ ہیں، مگر شوبز میں صرف انہوں نے ہی اپنی پہچان بنائی۔
مہک نور نے بتایا کہ انہوں نے اپوا گورنمنٹ کالج فار ویمن سے بی اے کیا ہے۔ شوبز میں کمپیرنگ اور اداکاری کے علاوہ وہ ایک بہترین فیشن ڈیزائنر بھی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ جتنے بھی سوٹ وہ شوبز میں پہنتی ہیں، سب کا ڈیزائن خود تیار کرتی ہیں۔
انہیں سوٹ کی کٹائی، سلائی اور ہاتھ کی کڑھائی پر مکمل مہارت حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ کمپیوٹر ہارڈ ویئر کا کورس بھی کر چکی ہیں، جس سے ان کی فنی اور فیشن کی دنیا مزید وسیع ہو گئی ہے۔
مہک نور نے نوجوان نسل کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ:
"محنت اور لگن انسان کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ اگر دل میں جنون اور نیت صاف ہو تو منزل خود چل کر قدم چومتی ہے۔ کبھی ہمت نہ ہاریں اور ہمیشہ اپنے والدین اور اساتذہ کی دعاؤں کو اپنے ساتھ رکھیں۔"
0 تبصرے