ٹارگٹ سے زائد رقم سندھ کے عوام پر خرچ ہونی چاہیے: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سیلز ٹیکس جمع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور سندھ و بلوچستان پہلے ہی ریکارڈ ٹیکس وصول کر چکے ہیں۔
کراچی میں این آئی سی وی ڈی اسپتال کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ایف بی آر کے پاس سیلز ٹیکس جمع کرنے کا ریکارڈ موجود ہے اور سندھ سیلز ٹیکس آن سروسز جمع کرنے کے لیے تیار ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق بھی زیادہ ٹیکس جمع کر سکتا ہے۔ اگر وفاق ٹارگٹ دے اور ہم مکمل نہ کر سکیں تو اپنے حصے سے وفاق کو رقم دے سکتے ہیں، لیکن اگر ٹارگٹ سے زائد رقم جمع ہو جائے تو وہ رقم سندھ کے عوام کے لیے استعمال ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہر شہر جا کر کہتا تھا کہ وفاق دیوالیہ ہو گیا ہے اور کچھ وزراء دیگر صوبوں سے اختیارات اور وسائل لینا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مٹھی، سیہون اور شہید بینظیر آباد میں این آئی سی وی ڈی کے مراکز قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی دل کے علاج کے لیے دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک بن چکا ہے اور پیپلز پارٹی شہریوں کو اعلیٰ معیار کی صحت کی سہولیات مفت فراہم کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد مالی وسائل صوبوں کو منتقل کرنا غلطی نہیں تھی، اس کی بہترین مثال این آئی سی وی ڈی ہے۔ ہم نے ثابت کیا ہے کہ اداروں کو وفاق سے زیادہ بہتر طریقے سے چلایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں عالمی معیار کے مطابق شہریوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
0 تبصرے