لانڈھی ایکسپورٹ زون میں گارمنٹ فیکٹری تباہ—آگ 6 گھنٹے بعد بھی بے قابو، عمارت منہدم، دو فائر فائٹر زخمی

لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں گارمنٹ فیکٹری میں خوفناک آگ کے باعث عمارت کے دو حصے گر گئے جبکہ تقریباً چھ گھنٹے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

لانڈھی ایکسپورٹ زون میں گارمنٹ فیکٹری تباہ—آگ 6 گھنٹے بعد بھی بے قابو، عمارت منہدم، دو فائر فائٹر زخمی

کراچی کے صنعتی علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں قائم ایک گارمنٹ فیکٹری میں لگنے والی خوفناک آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں فیکٹری کے دو بڑے حصے زمین بوس ہو گئے اور دو فائر فائٹرز زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ آگ پر قابو پانے کی کوششیں چھ گھنٹے گزر جانے کے باوجود جاری ہیں۔ 2 ہزار گز پر پھیلی تین منزلہ عمارت شعلوں کی زد میں ہے، جبکہ فائر بریگیڈ کی بارہ سے زائد گاڑیاں اور ایک اسنارکل مسلسل کارروائی میں مصروف ہیں۔ فائر ٹیموں کے مطابق فیکٹری میں پرانے کپڑوں کا بھاری ذخیرہ موجود تھا جس کی وجہ سے آگ کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق فیکٹری کی عمارت پہلے مختلف مقامات سے کمزور ہونا شروع ہوئی اور بعد میں پورا ڈھانچہ گر کر تباہ ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے اضافی مدد طلب کی۔ ہائیڈرنٹس پر ہنگامی بنیادوں پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ شیرپاﺅ ہائیڈرنٹ پر پانی کے ٹینکرز کو الرٹ رکھا گیا۔ واٹر کارپوریشن کی جانب سے جائے وقوع پر فوری طور پر متعدد واٹر ٹینکرز روانہ کیے گئے، اور ہائیڈرنٹس کے انچارج مسلسل فائر بریگیڈ حکام کے ساتھ رابطے میں رہے۔ آگ کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے باعث اطراف کی فیکٹریوں کی فائر ٹیموں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ شعلوں کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ ریسکیو حکام کے مطابق فیکٹری میں موجود تمام افراد کو بروقت نکال لیا گیا تھا، تاہم عمارت کے منہدم ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات درپیش ہیں۔ آگ کی شدت اور فیکٹری میں موجود قابلِ آتش مواد کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے۔