فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں: آرمی چیف

آرمی چیف نے 25 مئی کو یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان منانے کا اعلان کردیا

فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 25 مئی کو یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان منانے کا اعلان کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہدا اور غازیوں کے اعزاز میں تقریبِ تقسیم اعزازات منعقد کی گئی جس میں پاک فوج کے سینیئر افسران اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے آپریشنزکے دوران شاندارخدمات پرافسران وجوانوں کواعزازات سے نوازا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 51 افسران کوستارہ امتیاز (ملٹری)، 22 افسران اور جوانوں کو تمغہ بسالت سےنوازا گیا جبکہ 2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈلز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خطاب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ شہدا کی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کےطفیل ہم آزاد فضا میں زندگی بسرکررہے ہیں، شہدا کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہِ افتخار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج بطور ادارہ اپنے ہرفرد کواور اس کےلواحقین کوہمیشہ یاد رکھتا ہے، ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔ آرمی چیف نے 25 مئی کو یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہر سپاہی تعصبات اورامتیازات سے بالاتر ہوکر اپنے فرائض اورذمہ داریوں کومقدم رکھتا ہے، مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔ جنرل عاصم منیر نے فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملوں کوانتہائی افسوس ناک قراردیا اور کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں۔