سری لنکا میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، ہلاکتیں 46 تک پہنچ گئیں

مسلسل بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے سری لنکا کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی، متعدد ہلاکتیں اور درجنوں افراد لاپتہ۔

سری لنکا میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، ہلاکتیں 46 تک پہنچ گئیں

کولمبو حکام کے مطابق ملک بھر میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 46 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سری لنکن ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 25 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جہاں کئی گھروں کو ملبے تلے دب جانے سے شدید نقصان پہنچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے، جس سے نقل و حمل کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اسی دوران، انڈونیشیا میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی تباہی میں ہلاک افراد کی تعداد 84 تک پہنچ چکی ہے۔ وسطی سری لنکا میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ میں 21 افراد لاپتہ جبکہ 10 زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مسلسل امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے اور کئی سڑکیں مکمل طور پر زیرِ آب آ چکی ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق پانی کے ذخائر اور دریا خطرناک حد تک بھر چکے ہیں جبکہ کئی اہم شاہراہیں ڈوب جانے کے سبب مختلف علاقے بیرونی دنیا سے کٹ گئے ہیں۔