بھارتی وزیردفاع گھبراہٹ کا شکار ہیں، سندھ پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

بھارتی وزیر دفاع کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور

بھارتی وزیردفاع گھبراہٹ کا شکار ہیں، سندھ پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

کراچی؛ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کی مذمت سے متعلق قرارداد پر بحث کے دوران ایوان میں پرزور خطاب کیا جس میں سندھ کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت اجاگر کی گئی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔ سندھ اسمبلی نے بھارتی وزیر دفاع کے بیانات اور بالخصوص دریائے سندھ سے متعلق بھارت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے دیا گیا تاثر افسوسناک ہے۔ انہوں نے سندھ کی قدیم تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ قبل از مسیح زمانے سے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیش کی گئی قرارداد پوری تاریخ بیان کرتی ہے۔ مزید کہا کہ سندھ کے قدیم نقشوں میں ملتان اور مکران شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے قیام پاکستان میں سندھی رہنماؤں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ سندھ چیپٹر نے قراردادِ پاکستان پیش کی تھی۔ ہم سب جو پاکستان بنانے والے ہیں، یہیں بیٹھے ہیں۔ پاکستان ہمارے بڑوں کی قربانیوں سے بنا ہے۔ مراد علی شاہ نے بھارتی وزیر دفاع کو گھبراہٹ کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پریشانی کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔ ایک مخصوص واقعے کے بعد بھارت کی گھبراہٹ میں اضافہ ہوا۔ بھارتی وزیر دفاع کا تعلق اتر پردیش سے ہے، انہوں نے کبھی دریائے سندھ (سندھو) کا پانی نہیں پیا اسی وجہ سے ان کی سوچ مسخ ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ دریا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے۔ ‘‘ بین الاقوامی سطح پر کارروائی کا مطالبہ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت سے فوری اقدام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم وفاق سے اس قرارداد کے ذریعے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومتِ پاکستان اس معاملے کو دنیا کے سامنے اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اس قرارداد کو عالمی سطح پر بھیجے اور دنیا کو بتائے کہ بھارت دریائے سندھ پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ سندھ کے پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل تعلق پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کا حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا، اور اس کی سرحدیں تبدیل نہیں کی جا سکتیں۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے جارحانہ رویے اور بیانات سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ کی تقریر کے بعد بھارتی وزیر دفاع کے بیان کے خلاف قرارداد سندھ اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کر لی۔