وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے کویت کے سفیر نصر عبدالرحمٰن جاسر المطیری کی ملاقات

دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعاون اور مستقبل میں شراکت داری کے امکانات بارے تبادلہ خیال کیا

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے کویت کے سفیر نصر عبدالرحمٰن جاسر المطیری کی ملاقات

اسلام آباد۔پاکستان اور کویت نے توانائی کے شعبے میں نئے مواقع تلاش کرنے اور باہمی تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔جمعرات کو وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں کویت کے سفیر نصر عبدالرحمٰن جاسر المطیری نے ملاقات کی جس دوران دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعاون اور مستقبل میں شراکت داری کے امکانات خصوصاً پٹرولیم کے شعبے بارے تبادلہ خیال کیا ۔ وزیرِ پٹرولیم نے کویت کے سفیر کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کا سچا دوست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دہائیوں پر محیط توانائی و پٹرولیم کے شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔علی پرویز ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے بدلتی ہوئی عالمی توانائی ضروریات کے تناظر میں پٹرولیم کے شعبے میں شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ کویت کے سفیر نصر عبدالرحمٰن جاسر المطیری نے کہا کہ پاکستان استحکام اور ترقی کی جانب گامزن ہےجسے کویت مثبت نظر سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی واضح ترقی دشمنوں کو کھٹک رہی ہے جو اس استحکام کو کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کویت پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور اسے ہر محاذ پر ترقی کرتا دیکھنا چاہتا ہے۔ فریقین نے قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے، توانائی کے شعبے میں نئے مواقع تلاش کرنے اور دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔