پی ٹی آئی سپورٹر خدیجہ شاہ کا خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا اعلان

بھائی اور شوہر کو پوری رات جیل میں رکھا گیا، بچوں کے سامنے میرے شوہر کو زدو کوب کیا گیا، مجھے اپنی پرواہ نہیں

پی ٹی آئی سپورٹر خدیجہ شاہ کا خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا اعلان

لاہور: پی ٹی آئی کی سپورٹر اور سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی خدیجہ شاہ نے خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا اعلان کردیا۔ سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی خدیجہ شاہ پر 9 مئی کے سانحے کے دوران لاہور کور کمانڈر ہاؤس جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے پر حملے کی قیادت کرنے کا الزام ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرے بھائی اور شوہر کو پوری رات جیل میں رکھا گیا، بچوں کے سامنے میرے شوہر کو زدو کوب کیا گیا، مجھے اپنی پرواہ نہیں ہے، میرے شوہر اور بھائی کو گھر میں گھس کر اغوا کیا گیا۔ خدیجہ شاہ کا کہنا تھا کہ میرے لیے پچھلے پانچ دن بہت مشکل گزرے ہیں، میں خود کو پولیس کے حوالے کرنے کرنے جا رہی ہوں، میرے بھائی، والد یا میں نے کوئی جرم نہیں کیا، پھر بھی میرے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے شوہر ابھی بھی ان کی حراست میں ہیں، انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا، نہیں چاہتی کہ میرے وجہ سے میری فیملی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔