پشاور (ویب ڈیسک): پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ایک خودکش بمبار پیدل ہی ایف سی ہیڈکوارٹر کے گیٹ تک پہنچا۔ حملہ آور نے خود کو لوئی میں لپیٹا ہوا تھا اور اس نے مرکزی گیٹ کے ناکے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں 3 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ دھماکے کے بعد دو حملہ آور سائڈ گیٹ سے ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہوئے، دونوں کے پاس رائفلیں اور ہینڈ گرنیڈ بھی تھے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق اندر داخل ہونے کے بعد دہشتگرد دائیں جانب موٹر سائیکل اسٹینڈ تک پہنچے، انہوں نے فائرنگ کی لیکن جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کو مرکزی گیٹ سے 30 سے 40 میٹر اندر ہی ہلاک کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں کا مقصد لوگوں کو یرغمال بنانا تھا کیونکہ ایف سی ہیڈکوارٹر میں اعلیٰ افسران بیٹھتے ہیں اور نفری بھی زیادہ ہوتی ہے۔
0 تبصرے