کراچی (اسٹاف رپورٹر )
رکنِ سندھ اسمبلی و وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے محکمۂ اقلیتی امور سندھ کی جانب سے گردوارہ صاحب گرو ارجن دیو مہاراج جی کے تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد باقاعدہ افتتاح کیا۔
تقریب میں کیماڑی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی لیاقت علی آسکانی نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی عہدیداران، نائب صدور شعبۂ اقلیت سندھ مکھی اوڈھا مل، پرویز حبیب، سینئر رہنما سحر حسین پراچہ، دیوان ویرو مل، بھگوان داس اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔محکمۂ اقلیتی امور کے افسران، ایکسی این، انجینیئرز اور دیگر ذمہ داران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔افتتاح کے دوران ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے مکمل شدہ منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا اور کام کے معیار، استعمال شدہ مواد اور ہر مرحلے میں شفافیت پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔
گردوارہ صاحب کی تعمیر مکمل ہونے پر انہوں نے پوری سکھ برادری اور گرو نانک نام لیوا سنگت کو دلی مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ محکمۂ اقلیتی امور سندھ کے زیرِ انتظام صوبے بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے وقت پر اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جا رہے ہیں، کیونکہ معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کا واضح اصول ہے کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔
0 تبصرے