آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ کے 24ویں روز میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا اپنے بچوں کے ہمراہ آرٹس کونسل کا دورہ

بیرون ممالک کے فنکار کراچی سے محبتیں سمیٹ کر جارہے ہیں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ کے 24ویں روز میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا اپنے بچوں کے ہمراہ آرٹس کونسل کا دورہ

کراچی () آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ کے 24ویں روز میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے بچوں کے ہمراہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ کیا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور فرانسیسی مصور شیفومی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میئر کراچی نے اسنارکل پر سوار ہوکر فرانسیسی آرٹسٹ شیفومی کے تخلیق کردہ میورل آرٹ کا معائنہ کیا۔ میورل آرٹ کو KARACHI BALOOMS کا نام دیا گیا ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے آرٹس کونسل کی جانب سے شہر میں فن و ثقافت کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ کراچی ”بوم بوم“ تو بہت ہوتا تھا لیکن ہم ”کراچی بلومز“ کر رہے ہیں۔ فرانسیسی آرٹسٹ شیفومی نے بہت محنت اور لگن سے آرٹس کونسل کی عمارت پر میورل آرٹ بنایا ہے، ہم نے سوچا نہیں تھا کہ اس طرح کا فیسٹیول ہوگا، ایک سو بیالیس ممالک کے فنکار اس فیسٹیول کا حصہ ہیں ، بیرون ممالک کے فنکار کراچی سے محبتیں سمیٹ کر جا رہے ہیں، وہ کراچی اور کراچی والوں کی محبت کو دیکھ رہے ہیں، مجھے کراچی کی دیواروں پر بے ہودہ اشتہارات بالکل اچھے نہیں لگتے، جن کو یہ سب کرنا ہے وہ اپنے گھر پر کریں، ایسے اشتہارات لگانے سے پہلے کے ایم سی سے کوئی اجازت نہیں لی جاتی، یہ بالکل غیر قانونی عمل ہے، ہم کراچی کو بدلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، ثقافت اس شہر کی اصل کہانی تھی، یہ وہ کراچی تھا جو اس شہر میں تھا لیکن چھپ گیا تھا، ہم کراچی کو بہتر طریقے سے خوبصورت کرسکتے ہیں، انہوں نے مزید کہاکہ اللہ کراچی شہر کو بری نظر اور حاسدین کے شر سے بچائیں، اچھی اور بُری دونوں چیزیں ہوتی ہیں ، ہم اپنی اچھائیوں سے برائی کا خاتمہ کرسکتے ہیں، یہ شہر چلتا ہے تو ہمارا ملک چلتا ہے، ہمارا مقصد بدل گیا ہے، اردو زبان بہت خوبصورت ہے، ہم فن و ثقافت کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔