پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ کا بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ اور سندھ کابینہ سے اظہار تشکر
کراچی:
سندھ کابینہ کی جانب سے کراچی پریس کلب کے 639 نئے ممبران کو پلاٹس کی منظوری اور ایم ڈی اے میں درپیش ’’80،20‘‘ مسئلے کے حل کے فیصلے پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلسِ عاملہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دلچسپی اور رہنمائی کے بغیر یہ اہم پیش رفت ممکن نہیں تھی۔
کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہر فورم پر پریس کلب کے فلاحی منصوبوں کی حمایت کی اور ممبران کو درپیش مسائل کے حل میں بھرپور دلچسپی لی، جس کے نتیجے میں سندھ کابینہ نے نہ صرف 639 نئے پلاٹس کی منظوری دی بلکہ ایم ڈی اے کا طویل عرصے سے زیر التواء ’’80،20‘‘ کا مسئلہ بھی حل کر دیا۔
پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے اس اہم فیصلے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے معاملے کو سنجیدگی سے لے کر عملی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ہمیشہ پریس کلب کے فلاحی کاموں کو ترجیح دی ہے اور اس بار بھی ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے یہ دیرینہ مسائل حل کرائے۔
کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کابینہ میں معاملے کو مؤثر طریقے سے پیش کیا اور تکنیکی و انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے اس فیصلے سے کراچی پریس کلب کے 639 سے زائد خاندانوں کو رہائشی تحفظ حاصل ہوگا جبکہ ایم ڈی اے کا مسئلہ حل ہونے سے پریس کلب کے ممبران کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔
کراچی پریس کلب نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت مستقبل میں بھی پریس کلب کے فلاحی منصوبوں میں اسی جذبے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
0 تبصرے