رحیم یار خان میں نجی کھوجی کتوں کے ساتھ چوروں کا سراغ لگانے والی چار رکنی ٹیم ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا کرلی گئی، پولیس کی تلاش جاری۔
رحیم یار خان کے علاقے صادق آباد میں ایک حیران کن اور ڈرامائی صورتحال سامنے آئی ہے جہاں نجی سراغ رساں کتوں کے ذریعے چوروں کو ٹریس کرنے والی چار رکنی ٹیم خود ہی ہتھیار بند ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر صادق آباد تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ کھوجی کتوں کے ساتھ یہ ٹیم پانچ روز قبل اوباڑو کے علاقے سے لاپتہ ہوئی تھی اور شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں ڈاکوؤں نے اغوا کیا ہے۔
مغویوں کی بازیابی کے لیے رحیم یار خان، کشمور اور گھوٹکی کی پولیس مشترکہ آپریشن کر رہی ہے جبکہ کچے کے علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
پولیس نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد بازیابی ممکن ہوگی، تاہم مغویوں اور کھوجی کتوں کا کوئی سراغ تاحال نہیں مل سکا۔
0 تبصرے