کراچی (اسٹاف رپورٹر)
چیئرمین کراچی گرائنڈ الائنس سید امتیاز الحق بخاری نے کہا ہے کہ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے، اور اس کی عدم فراہمی شہریوں کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں۔ انہوں نے واٹر بورڈ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گلشنِ معمار میں پانی کی شدید قلت کے مسئلے کے فوری حل کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کریں اور علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔
معمار ویلفیئر ایسوسی ایشن برائے ریزیڈنٹس (MWAR) رجسٹریشن نمبر 0060 کے مطابق معمار ہاؤسنگ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (KW&SB) کے درمیان اوور بلنگ اور پانی کی چوری کے الزامات کے باعث تنازع شدت اختیار کر چکا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں پانی کی فراہمی کم کر دی گئی ہے۔ اس صورتحال نے گلشنِ معمار کے رہائشیوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
سید امتیاز بخاری نے کہا کہ پانی کی کمی کے باعث علاقہ مکین نہایت تکالیف کا سامنا کر رہے ہیں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے بل معمار کمپنی کو ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود پانی کی شدید قلت نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔
معمار ویلفیئر ایسوسی ایشن برائے ریزیڈنٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیتے ہوئے پانی کی فراہمی بحال کریں اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں۔
0 تبصرے