دادو میں پولیس آپریشن "المیزان" کا دوسرا مرحلہ — کچے اور پکے علاقوں میں کارروائیاں، اسلحہ و منشیات برآمد، متعدد گرفتار

ایس ایس پی دادو کیپٹن (ر) امیر سعود مگسی کی قیادت میں پولیس آپریشن “المیزان” کے دوسرے مرحلے میں کچے اور شہری علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

دادو میں پولیس آپریشن

دادو میں پولیس آپریشن “المیزان” کے دوسرے مرحلے کے دوران ایس ایس پی دادو کیپٹن (ر) امیر سعود مگسی کی قیادت میں مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔ صبح سویرے کچے کے علاقوں موندر، اسماعیل جا بھان اور جان محمد خشک میں بھاری نفری کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا گیا، جس کا مقصد قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولتکاروں کو گرفتار کرنا تھا۔ اس کے علاوہ دادو شہر میں منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی گئی۔ آپریشن میں دادو اور جوہی سرکل کے ڈی ایس پیز، سی آئی اے ٹیمز اور مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز نے حصہ لیا۔ ورکشاپ محلہ، مزدور آباد، ریلوے تلاؤ، نجم کالونی، مرکھپور، موندرناکہ، بٹھ محلہ اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ہتھیار، چرس، گُڑدہ، شراب، سولفیاں، بھنگ اور منشیات ناپنے کا ڈیجیٹل ترازو برآمد کیا جبکہ احمد ملاح، عرفان بھنڈ، شاہد پنہور، سرفراز بھنڈ، ثمیر مگنہار، میر محمد خشک سمیت متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش اور ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔