فرانس کے ایک شہری کو اپنے گھر کے باغ میں کھدائی کے دوران لاکھوں ڈالر مالیت کا سونا ملا، جسے تحقیقات کے بعد رکھنے کی قانونی اجازت مل گئی۔
پیرس — فرانس میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شہری کو اپنے گھر کے باغ سے 8 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 7 لاکھ یورو) مالیت کا سونا مل گیا۔
یہ واقعہ نیوویل سور ساون (Neuville-sur-Saône) کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک شخص اپنے باغ میں سوئمنگ پول کے لیے کھدائی کر رہا تھا کہ اچانک اسے پلاسٹک کے بیگز میں بند 5 سونے کے بسکٹ اور درجنوں سکے ملے۔
غیر معمولی دریافت کے بعد شہری نے فوری طور پر مقامی انتظامیہ اور ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف کلچرل افیئرز کو اطلاع دی۔ حکام نے موقع پر پہنچ کر سونے کے ذخیرے کی جانچ کی اور تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ یہ خزانہ کسی تاریخی یا آثارِ قدیمہ کے دور سے تعلق نہیں رکھتا بلکہ جدید زمانے کی ملکیت ہے۔
فیصلے کے مطابق چونکہ سونا کسی تاریخی ورثے کا حصہ نہیں، اس لیے شہری کو اسے اپنے پاس رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔
مقامی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق، زمین کے پچھلے مالک کی موت ہوچکی ہے اور یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ سونا وہاں کب اور کیوں دفن کیا گیا تھا۔
فرانسیسی اخبار Le Progrès کے مطابق، یہ خزانہ پانچ سونے کی اینٹوں اور متعدد سکوں پر مشتمل تھا، جو پلاسٹک کے تھیلوں میں لپٹا ہوا تھا۔
یہ انوکھا واقعہ سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں موضوعِ گفتگو بن گیا ہے۔ شہریوں نے اس خوش قسمت شخص کو "فرانس کا خوش نصیب ترین مالی" قرار دیتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔
0 تبصرے