ملیر: ملیر کینٹ کے علاقے بھٹائی آباد میں گھر سے 3 خواتین کی لاشیں ملی ہیں جب کہ ایک مرد اور ایک بچی زخمی ہو گئے۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ ایس ایس پی ملیر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ نیوز کے مطابق ملیر کے علاقے بھٹائی آباد میں ایک گھر سے 3 خواتین کی لاشیں ملی ہیں جب کہ ایک مرد اور ایک بچی زخمی حالت میں ملی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ملیر کینٹ پولیس، ایس ایس پی ملیر، رینجرز اور ایدھی ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملنے والی خواتین کی لاشوں کی شناخت تانیہ، آشی اور نینا کے نام سے ہوئی ہے جب کہ واقعے کے دوران اجے رام اور بچی نندنی زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ کرائم سین یونٹ اور خصوصی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ ایس ایس پی ملیر کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران بچی نندنی اور ایک خاتون نے بیانات دیئے ہیں کہ ان کے ماموں اجے رام نے خواتین کو چھریوں کے وار کرکے قتل کیا، جبکہ مبینہ مجرم اجے رام کو زخمی حالت میں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ ایس ایس پی ملیر کی ہدایت پر قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
0 تبصرے