کوئٹہ: جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور سینئر رہنما نوابزادہ گہرام بگٹی نے بزرگ بلوچ قوم پرست رہنما سردار عطا اللہ مینگل کی برسی کے موقع پر بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے واقعے میں سیاسی کارکنوں کی شہادت اور درجنوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس انسانیت سوز واقعے سے بلوچستان کی حقیقی سیاسی قوتوں کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری وطن پارٹی اس مشکل گھڑی میں سردار اختر مینگل اور ان کی جماعت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے اوچھے اور بزدلانہ ہتھکنڈے عوامی آواز کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
آخر میں، پارٹی رہنماؤں نے شہید کارکنوں کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
0 تبصرے