سروسز اسپتال لاہورکے ڈاکٹرز کا یاسمین راشد کو پولیس کے حوالے کرنے سے انکار

یاسمین راشد کو سانس لینے میں دشواری کے باعث بائی پائپ لگا ہوا ہے

سروسز اسپتال لاہورکے ڈاکٹرز کا یاسمین راشد کو پولیس کے حوالے کرنے سے انکار

سروسز اسپتال لاہور کے ڈاکٹروں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد کو سانس لینے میں دشواری کے باعث بائی پائپ لگا ہوا ہے، ان کے چیسٹ، ناک اور گلے کے سی ٹی اسکینز کرا لیے گئے ہیں، وہ دمہ کی مریضہ ہیں اور انہیں چیسٹ انفیکشن بھی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد سانس لینے میں دشواری کے باعث گزشتہ روز سے سروسز اسپتال لاہور میں زیرِ علاج ہیں، اسپتال انتظامیہ کے مطابق انہیں وی وی آئی پی بلاک میں رکھا گیا ہے۔ پولیس یاسمین راشد کو حراست میں لینے کیلئے سروسز اسپتال پہنچی، اسپتال انتظامیہ کو بتایا گیا کہ یاسمین راشد کے خلاف سرور روڈ، گلبرگ اور شادمان تھانوں میں دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت 3 مقدمات درج ہیں، انہیں عدالت میں پیش کرنا ہے، حوالے کیا جائے، تاہم میڈیکل بورڈ نے انہیں پولیس کے حوالے نہ کیا اور بتایا کہ ان کے سی ٹی اسکین کئے گئے ہیں، طبیعت میں بہتری آنے پر ہی انہیں ڈسچارج کیا جائے گا، پولیس یاسمین راشد کی میڈیکل رپورٹس لے کر واپس لوٹ گئی، بتایا گیا کہ یاسمین راشد کا کچھ عرصہ قبل بریسٹ کینسر کا آپریشن بھی ہو چکا ہے۔