کوئٹہ؛ حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "گرے ایریاز" میں آپریشنز کے دوران دوست اور دشمن میں فرق کرنا سب سے مشکل مرحلہ ہے، تاہم کسی بے قصور کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ کوئٹہ میں ایک اہم گرفتاری کے بعد تحقیقات کے دائرے کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ خفیہ اطلاع پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جن میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ایک کارروائی کے دوران ضمیر ایڈووکیٹ بھی زیر حراست آئے لیکن ابتدائی تحقیقات کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔
شاہد رند نے کہا کہ پائیدار امن کے لئے اجتماعی کوششیں اور عوامی تعاون ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق تحقیقات اور پوچھ گچھ قانونی تقاضوں کے مطابق ہورہی ہیں جبکہ صوبے کو محفوظ بنانے کے لئے حکومتی اقدامات جاری رہیں گے۔
0 تبصرے