سافکو نے گراسپ پروجیکٹ کے تحت مالی امداد کے چوتھے مرحلے کا آغاز

امداد کے صحیح استعمال سے کاروباری ادارے ترقی کریں گے، روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے: سلیمان جی ابڑو

سافکو نے گراسپ پروجیکٹ کے تحت مالی امداد کے چوتھے مرحلے کا آغاز

حیدرآباد ( ) سافکو کی جانب سے ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون و اشتراک سے طلنے والے گراسپ پروجیکٹ کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کے لیے مالی امداد کا چوتھا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس نئے مرحلے میں مزید تین کاروباری اداروں کو 5 کروڑ روپے کی مجموعی امداد میں سے 2 کروڑ 66 ہزار 500 روپے کی پہلی قسط دی گئی۔ سافکو ہیڈ آفس حیدرآباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گراسپ پروجیکٹ کے تحت جن نئے کاروباری اداروں کو یہ رقم دی گئی ان میں فریش اینڈ روشن کو 42 لاکھ 35 ہزار 500، ایچ ایم فوڈز کو 93 لاکھ 31 ہزار اور بائیو انرجی سالیوشنز کو 85 لاکھ روپے شامل تھے۔ اس موقع پر سافکو کے بانی اور چیئرمین ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے اس امید کا اظہار کیا کہ امداد کے صحیح استعمال سے نہ صرف یہ کاروباری ادارے ترقی کریں گے بلکہ دیگر لوگوں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اس طرح ملکی معیشت بالخصوص دیہی معیشت میں بہتری آئے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سافکو کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذیشان میمن نے کہا کہ یہ امداد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی مالی حالت کو بہتر بنانے اور ان کی کاروباری صلاحیت میں اضافہ کرے گی اور سافکو کاروباری افراد کو بڑی منڈیوں تک رسائی میں مدد بھی فراہم کرے گا۔