شکارپور (احسان ابڑو) تعلقہ لکی غلام شاہ کے گاؤں عامل مہر میں زمین کے پرانے تنازع پر مہر برادری کے دو گروپوں، سوتوں علی محمد مہر اور غوث بخش مہر کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، جس میں جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق افراد میں علی محمد مہر گروپ کے راحب ولد علی محمد اور سرور ولد حاکم مہر شامل ہیں، جن کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد چک اسپتال سے ورثاء کے حوالے کی گئیں۔ دوسری جانب غوث بخش مہر گروپ کے اعتبار ولد جمال الدین جاں بحق ہوئے، جن کی لاش تعلقہ اسپتال لکی غلام شاہ سے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئی۔
لاشیں گاؤں پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ علی محمد مہر گروپ کی تین خواتین صاحبان دختر کالو مہر، حبیبان اور سگھران زخمی ہوئیں، جبکہ غوث بخش مہر گروپ کی کمسن بچی شہنیلا دختر عبدالکریم، دو خواتین بیبل زوجہ جمال الدین اور فاطمہ دختر متیری، اور دو مرد پیر بخش عرف پیرو ولد جمال الدین مہر، شوکت ولد پیر بخش عرف پیرو مہر زخمی ہوئے۔
مجموعی طور پر دونوں گروپوں کے 8 افراد زخمی ہوئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ زخمی شہنیلا کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تینوں جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئیں، اور لاشیں گھر پہنچنے پر سوگ کا سماں چھا گیا۔
واقعے کے بعد دونوں گروپ مورچہ بند ہو گئے ہیں اور علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ مقتولین کی تدفین پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی نگرانی میں کی گئی۔
0 تبصرے