کراچی (اسٹاف رپورٹر)
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، رکن سندھ اسمبلی اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شام سندر کے ایڈوانی نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر 2007ء کا سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا وہ المناک مگر یادگار دن ہے جس نے جمہوریت کی راہ میں قربانی، استقامت اور عوامی وابستگی کی نئی تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر ہونے والے خودکش حملے میں درجنوں کارکنان شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے، مگر اس دلخراش سانحے کے باوجود محترمہ کا عزم اور حوصلہ ناقابلِ مثال تھا۔ وہ نہ ڈریں، نہ پیچھے ہٹیں بلکہ پہلے سے زیادہ جذبے اور ایمان کے ساتھ جمہوریت کے استحکام کے لیے میدان میں رہیں۔
ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو حقیقی معنوں میں عوام کی ہر دل عزیز، بہادر اور وژنری قیادت تھیں، جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر عوامی حقِ حکمرانی کے لیے جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، آج بھی پیپلز پارٹی ان کے مشن اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے ویژن پر کاربند ہے۔ڈاکٹر شام سندر نے سانحہ کارساز کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ
> “ان کی قربانیاں جمہوریت، امن اور عوامی حاکمیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔”
0 تبصرے