شرجیل میمن کا مریم نواز کو نشست چھوڑ کر انتخاب لڑنے کا چیلنج

پتہ چل جائے گا کہ عارضی شہرت مریم نواز کے ساتھ ہے یا عوام کے ساتھ۔شرجیل میمن

شرجیل میمن کا مریم نواز کو نشست چھوڑ کر انتخاب لڑنے کا چیلنج

کراچی (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر شرجیل میمن نے مریم نواز کو نشست چھوڑ کر دوبارہ انتخاب لڑنے کا چیلنج دے دیا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ مریم نواز اور میں دونوں اپنی نشستیں چھوڑتے ہیں اور دوبارہ الیکشن لڑتے ہیں، تب پتہ چل جائے گا کہ کس نے کام کیا ہے اور کون صرف ٹک ٹاک پر مشہور ہے۔ پتہ چل جائے گا کہ عارضی شہرت مریم نواز کے ساتھ ہے یا عوام کے ساتھ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں سیلاب کے باعث حالات خراب ہیں، لوگ شدید پریشان ہیں، اور ن لیگ سیلاب متاثرین سے توجہ ہٹانے کے لیے پنجاب کارڈ کھیل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت سے بات کی تھی، پنجاب حکومت سے نہیں۔ مریم نواز کہتی ہیں کہ کوئی باعزت شخص امداد کی بات نہیں کرتا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر امداد کی بات کی۔ تو کیا مریم نواز اپنے ہی پارٹی کے وزیراعظم کو غیر باعزت سمجھتی ہیں؟