دونوں ممالک ایک دوسرے کی مارکیٹوں میں سنگل کنٹری نمائشیں منعقد کریں،صدر یو بی جی کی تجویز
کراچی: یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر زبیر طفیل نے وزیراعظم پاکستان کے مملکت سعودی عرب کے کامیاب دورے اور باہمی دفاعی معاہدے کا پُرجوش خیرمقدم کیا ہے۔زبیرطفیل نے کہا کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوا ہے، اس دورے کے دوران طے پانے والے معاہدے اور یادداشتیں نہ صرف باہمی اعتماد کو فروغ دیں گی بلکہ دو طرفہ تجارت، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبہ جات کو وسعت دینے کی ایک مضبوط بنیاد فراہم کریں گی جبکہ معاہدے کی روشنی میں سعودی عرب پر حملہ پاکستان خود پر حملہ تصور کرے گا۔ تجارتی اور سرمایہ کاری کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے زبیر طفیل نے بتایا کہ سعودی عرب کی پاکستان میں خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 74.5 ملین امریکی ڈالر ہے، جبکہ پاکستان کی سعودی عرب سے درآمدات 4.5 ارب امریکی ڈالر اور برآمدات 710 ملین امریکی ڈالر تک ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان فیڈریشنز کے ذریعے روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور تجویز دی کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی مارکیٹوں میں سنل کنٹری نمائشیں منعقد کریں۔زبیر طفیل نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران ہونے والے نئے عزم کے ساتھ، آئندہ برسوں میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کا استحکام نہ صرف دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ خطے میں استحکام اور خوشحالی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت یکجا اور ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے سرگرم ہے جبکہ بزنس کمیونٹی اس مقصد کیلئے بھرپور ساتھ دے رہی ہے۔ زبیرطفیل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یو بی جی اور ایف پی سی سی آئی نجی شعبے کے باہمی روابط کے فروغ اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کاروباری تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت اور معاونت کریں گے۔
0 تبصرے