کوئٹہ ( رپورٹر) محکمہ تعلیم بلوچستان کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) کوئٹہ نے بڑا اور جرات مندانہ فیصلہ کرتے ہوئے آفس اسسٹنٹ محمد بخش کو نااہلی، فیمیل اساتذہ کو بلیک میل کرنے اور اختیارات کے غلط استعمال پر ڈیوٹی سے فارغ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق محمد بخش طویل عرصے سے دفتر میں تعینات فیمیل اساتذہ کو مختلف حربوں سے بلیک میل کر رہا تھا۔ مزید انکشاف ہوا ہے کہ اس نے اپنی بیٹی ماروی کو بوگس آرڈر کے ذریعے جے وی ٹیچر ڈیرہ مراد جمالی میں تعینات کرا کے محض ایک ماہ بعد غیر قانونی طور پر کوئٹہ تبادلہ کروایا جبکہ بیٹے اویس کی بھی بوگس تعیناتی کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) ایک بااصول اور دبنگ افسر ہیں جنہوں نے اس کیس کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اجلاس میں پیش کیا اور کمیٹی سے باضابطہ منظوری حاصل کرنے کے بعد فوری طور پر اس بلیک میلر کو ڈیوٹی سے فارغ کرنے کا حکم دیا۔
اساتذہ برادری نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ محکمہ تعلیم میں شفافیت کی طرف ایک بڑا قدم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف مستقل کارروائی ہونی چاہیے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق، مذکورہ کیس کی مزید انکوائری کی جائے گی تاکہ بیٹے اویس اور بیٹی ماروی کی بوگس تعیناتیوں سمیت تمام غیر قانونی اقدامات کی مکمل چھان بین کی جا سکے۔
0 تبصرے