شعیب خان زہری بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والا بلوچستان کا فخر، استنبول میں باکسنگ کے میدان میں ایک اور تاریخی سفر کیلئے تیار

شعیب خان زہری بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والا بلوچستان کا فخر، استنبول میں باکسنگ کے میدان میں ایک اور تاریخی سفر کیلئے تیار

اسلام آباد:بلوچستان کے نامور باکسر، شعیب خان زہری، ایک بار پھر ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے تیار ہیں۔ 27 ستمبر کو ترکی کے شہر استنبول میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی باکسنگ چیمپئن شپ میں ان کی شرکت متوقع ہے، جہاں ان کا مقابلہ بھارت کے معروف باکسر ٹھکور کمار سے ہوگا، شعیب خان زہری کا شمار ان باصلاحیت باکسرز میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ اس سے قبل بھی، انہوں نے متعدد عالمی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے، جس سے نہ صرف ان کے صوبے بلکہ پورے ملک کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ شعیب خان کا کہنا ہے کہ اس بار بھی میں پرامید ہوں اور ان کا عزم ہے کہ وہ اس مقابلے میں فتح حاصل کر کے بلوچستان اور پاکستان کا نام ایک بار پھر دنیا بھر میں روشن کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس چیلنج کے لئے پوری طرح تیار ہیں اور اپنے ملک کی عزت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ یہ مقابلہ نہ صرف شعیب خان زہری کے کیریئر کے لئے اہم ہے بلکہ پاکستانی کھیلوں کے لئے بھی ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ شعیب خان زہری کی مسلسل کامیابی نوجوانوں کھلاڑیوں کے لئے ایک مثال ہے اور انہیں کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔ پوری قوم کی نظریں اس باصلاحیت باکسر پر لگی ہیں، جو ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے تیار ہے۔