اسرائیل کی گمراہ کن سوچ دنیا کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے،امان پراچہ

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے امیرِ قطر سے ملاقات میںپاکستانی قوم کی جانب سے اظہار یکجہتی کی ہے

اسرائیل کی گمراہ کن سوچ دنیا کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے،امان پراچہ

کراچی: نائب صدرفیدریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) محمدامان پراچہ نے کہا ہے کہ ا سرائیل کی گمراہ کن سوچ خطے اور دنیا کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے، قطر پر اسرائیلی حملہ ناقابلِ قبول اور تاریخ کی سنگین خلاف ورزی ہے، قطر میں کی گئی اسرائیلی جارحیت کے بعدجواباً مسلم ممالک کو یکجا ہوکر اسرائیل کو سزا دینے اور اس کے ذمہ داروں کا محاسبہ کرنے کے لیے کوششیں تیز کرناہونگی۔امان پراچہ نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے دوحا میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں امیرِ قطر سے ملاقات میں پوری پاکستانی قوم کی جانب سے اظہار یکجہتی کی ہے،9 ستمبر کا اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین پامالی ہے، بلاشبہ امت مسلمہ کا اتحادموجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔امان پراچہ نے کہا کہ اسرائیل اقوامِ متحدہ کے منشور اور عالمی نظام کو پامال کر رہا ہے، اسرائیل اپنی توسیع پسندانہ اور جارحانہ پالیسیوں سے صرف طاقتور روک تھام کے ذریعے ہی باز آئے گا اور عرب و اسلامی ممالک کا مضبوط اتحاد اسرائیل کو نکیل ڈالے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ جن مسلم ممالک نے اسرائیل کے ساتھ ابراہیم ایکارڈ پر دستخط کیے ہوئے ہیں انہیں چاہیے کہ فوری طور پر ابراہیم ایکارڈ معطل کریں، اسرائیل کے ساتھ ابراہیم ایکارڈ ختم کرنا کم سے کم قدم ہے جو مسلم ممالک کو اٹھانا چاہیے اور اس کے بعد ہی دیگر اقدامات کا راستہ ہموار ہو گا۔ امان پراچہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسلم ممالک ہونے کے ناطے قطرسے بہترین برادرانہ مراسم ہیں اور ہم قطر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات تاریخی، دیرینہ اور پائیدار ہیں اور یہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔