واٹس ایپ میں صارفین کے لیے آئے دن نئے فیچرز متعارف کروائے جا رہے ہیں تاکہ انہیں مزید بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
اب دنیا کی مشہور میسجنگ ایپ میں کالز کے حوالے سے ایک نیا فیچر شامل کیا جا رہا ہے جس کے تحت صارفین وائس اور ویڈیو کالز کے دوران ایموجیز کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کر سکیں گے۔
ایسا ری ایکشن فیچر پہلے صرف ٹیکسٹ اور وائس میسجز کے لیے دستیاب تھا، لیکن اب اسے کالز تک بڑھا دیا گیا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ ایموجی ری ایکشن فیچر کو اب کالز تک وسعت دے رہا ہے۔
اب صارفین کال کے دوران کسی بھی قسم کا ایموجی استعمال کر کے اپنے احساسات ظاہر کر سکیں گے۔
یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں آزمائشی طور پر محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق، کالز کے دوران استعمال ہونے والے ایموجیز کے لیے ”Recent Used Reactions“ کے نام سے ایک سیکشن موجود ہوگا، جہاں سے صارفین آسانی سے اپنے پہلے سے استعمال شدہ ایموجیز منتخب کر سکیں گے۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر تمام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا، لیکن واٹس ایپ کی حالیہ اپڈیٹس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جلد ہی یہ فیچر دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔
0 تبصرے