ایم کیو ایم کے بانی سخت علیل، اسپتال میں داخل

ایم کیو ایم کے بانی سخت علیل، اسپتال میں داخل

لندن (ویب ڈیسک): متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین سخت علیل ہیں اور لندن کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ لندن میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں لکھا کہ ’’ایم کیو ایم کے بانی اور قائد الطاف حسین کو شدید بیماری کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کروائے گئے ہیں۔‘‘ اپنی پوسٹ میں مصطفیٰ عزیز آبادی نے عوام سے الطاف حسین کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔ اس سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں مصطفیٰ عزیز آبادی نے مزید بتایا تھا کہ الطاف حسین کی طبیعت گزشتہ رات اچانک خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد ڈاکٹروں کے معائنے اور مشورے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اس وقت زیرِ علاج ہیں اور کوئی تشویشناک صورتحال نہیں ہے۔