میئرکراچی کے اعلان کردہ تین مقامات میں ای وی چارجنگ اسٹیشن لگائیں گے،ملک خدا بخش
کراچی؛ چائنا کے تعاون سے کراچی سمیت ملک کے اہم ترین شہروں میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) مینوفیکچرنگ پلانٹس اور چارجنگ ایکوئپمنٹس کی پہلی شپمنٹ کراچی پہنچ گئی،چائنیز کمپنی اے ڈی ایم گروپ کے سی ای او یاسربھمبانی ای وی چارجنگ پلانٹس لے کرگزشتہ روز کراچی پہنچے اور انہوں نے ایکوئپمنٹس چیئرمین ملک گروپ اور کنوینرایف پی سی سی آئی انرجی کمیٹی ملک خدا بخش کے حوالے کئے۔ملک خدا بخش نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ ہماری کوششوں سے چینی کمپنی اے ڈی این گروپ نے پاکستان میں مینوفیکچرنگ اور چارجنگ پلانٹس میں 240ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جانب قدم بڑھایا ہے اورپاکستان میں مجموعی طور پر 3000 چارجنگ اسٹیشنز لگائے جائیں گے۔ملک خدا بخش نے بتایا کہ کراچی میں ابتدائی طور پر میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے اعلان کردہ تین مقامات کے ایم سی ہیڈ آفس،واٹر بورڈ پارکنگ شاہراہ فیصل اورڈالمین مال کلفٹن پارکنگ میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) ایکوئپمنٹس لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کا رخ ایک بار پھر پاکستان کی جانب ہوچکا ہے، صوبائی وزیرتوانائی ناصرحسین شاہ نے بھی ہمیں یقین دلایا ہے کہ اگر چینی کمپنی صوبہ سندھ میں الیکٹرک گاڑیاں بنا ئے گی تو سندھ حکومت کراچی میں لگنے والے پلانٹ سے 20 فیصد سے زائد گاڑیاں اپنے لئے خریدے گی،ہماری کوشش ہے کہ کراچی میں چائنا کی کمپنی پلانٹ لگائے اورہم مینوفیکچرنگ اور چارجنگ پلانٹس پر کام کررہے ہیں۔ملک خدا بخش نے بتایا کہ ہمارے پاس جتنے ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے لائسنس آگئے تھے انکی شپمنٹ بھی آگئی ہے اور انکی تنصیب کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور جلد ہی مزید35 شپمنٹ کراچی پہنچنے والی ہیں جس کے بعد کراچی سمیت M2اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ ملکر ہم صوبے میں ای وی چارجنگ پلانٹس اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کررہے ہیں اور چینی سرمایہ کار کمپنی اے ڈی ایم گروپ کے سی ای او یاسربھمبانی ہمارے ساتھ اس حوالے سے پرعزم ہیں ۔ملک خدا بخش نے سرمایہ کاری کے حوالے سے بتایا کہ کہ چائنا کی کمپنی کے تعاون سے پاکستان میں 90 ملین یو ایس ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملک بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار چارجنگ اسٹیشن لگائے جائیں گے،جبکہ 240 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے گاڑیوں کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگایا جائے گا، امید ہے کہ آئندہ سال کے آخر تک ملک بھر میں ایک ہزار چارجنگ اسٹیشنز لگ جائیں گے جس کے بعدچائناکی کمپنی دسمبر تک پاکستان میں الیکڑک گاڑیاں تیار کرناشروع کردے گی۔ کیپشن فوٹو گراف: چینی کمپنی اے ڈی ایم گروپ کے سی ای او یاسربھمبانی الیکٹرک وہیکل چارجنگ ایکوئپمنٹس کی پہلی شپمنٹ چیئرمین ملک گروپ ملک خدا بخش کے حوالے کررہے ہیں
0 تبصرے