کراچی: کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرہ اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کے والد نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق حمیرہ کا تعلق لاہور سے تھا، ان کی لاش سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے اور ورثاء سے رابطہ بھی کیا گیا ہے لیکن انہوں نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق فلیٹ کے مالک سے حمیرہ کا نمبر حاصل کیا گیا اور سی ڈی آر نکالی گئی، جس کے بعد حمیرہ کے والد سے رابطہ ہوا لیکن انہوں نے کراچی آنے سے انکار کر دیا۔
مہزور علی نے بتایا کہ حمیرہ کے والد نے کہا کہ ہم نے ڈیڑھ سال پہلے حمیرہ سے تعلق ختم کر دیا تھا، پولیس نے انہیں قائل کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ کوشش کر رہے ہیں کہ اہل خانہ آ جائیں تاکہ کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔ کوشش کی جائے گی کہ اہل خانہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے لیکن اگر وہ انکار کرتے ہیں تو پولیس اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرے گی۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید کہا کہ شوبز انڈسٹری کی طرف سے تاحال کسی نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔
0 تبصرے