کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ اور ماڈل حمیرہ اصغر کی کئی دن پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ زون سید اسد رضا کے مطابق اداکارہ حمیرہ اصغر علی کی لاش اتحاد کمرشل، فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے ملی۔ انہوں نے بتایا کہ گزری پولیس مقامی عدالت کے حکم پر فلیٹ خالی کرانے کے لیے پہنچی تھی۔ پولیس ٹیم نے دوپہر ساڑھے تین بجے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن اندر سے کوئی جواب نہ ملا۔
بعد ازاں پولیس نے تالا توڑ کر اندر داخل ہو کر دیکھا تو اداکارہ مردہ حالت میں پائی گئی۔ اداکارہ اس فلیٹ میں کرائے پر مقیم تھیں۔ لاش کی موجودگی کے بعد شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پولیس کے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کیا گیا۔
ڈی آئی جی اسد رضا نے مزید بتایا کہ لاش کئی دن پرانی لگ رہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے لاش کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق اداکارہ کی لاش خراب حالت میں اسپتال لائی گئی۔
واضح رہے کہ حمیرہ اصغر نے ڈرامہ سیریلز ”احسان فراموش“ اور ”گرو“ سمیت کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جبکہ وہ سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم تھیں۔
0 تبصرے