کراچی (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ کابینہ کے اجلاس میں پنشن اصلاحات، ڈی ایچ اے کو پانی کی فراہمی سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ ڈی ایچ اے کو صرف 4 سے 5 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی ضرورت 15 ایم جی ڈی ہے۔ 36 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھانے سے ڈی ایچ اے کو ڈملوٹی سے 10 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جا سکے گا۔
سندھ کابینہ نے ڈی ایچ اے کو پانی پہنچانے کے لیے پمپنگ اسٹیشن، فلٹریشن پلانٹ اور حوض بنانے کی منظوری دی۔
اس کے علاوہ سندھ کابینہ نے واٹر بورڈ کو ڈملوٹی پروجیکٹ کے لیے 10.56 ارب روپے بغیر سود کے قرض دینے کی منظوری بھی دی۔
ترجمان کے مطابق کابینہ نے پنشن اصلاحات کی منظوری بھی دی، جس کا نوٹیفکیشن محکمہ خزانہ جاری کرے گا۔ اس کے علاوہ کابینہ نے لیبر ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ کم از کم اجرت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے۔
0 تبصرے