ڈرامہ انڈسٹری خواتین کے لیے غیر محفوظ ہے، لڑکیاں ذہنی طور پر تیار رہیں اور بچاؤ کے طریقے سیکھیں: ریحام رفیق

ڈرامہ انڈسٹری خواتین کے لیے غیر محفوظ ہے، لڑکیاں ذہنی طور پر تیار رہیں اور بچاؤ کے طریقے سیکھیں: ریحام رفیق

پاکستان کی خوبرو اداکارہ ریحام رفیق نے ڈرامہ انڈسٹری میں خواتین کے لیے غیر محفوظ ماحول کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو کے دوران انہوں نے نئی آنے والی اداکاراؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس شعبے میں آنے سے پہلے ممکنہ خطرات اور مشکلات سے آگاہ رہیں۔ "یہاں صرف مقابلہ ہی نہیں، بلکہ منفی رویے بھی موجود ہیں۔" ریحام رفیق نے پروگرام کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ انڈسٹری میں فنکاروں کے درمیان مقابلے کا ماحول ایک قدرتی بات ہے، لیکن بعض اوقات یہ مقابلہ منفی رویوں میں بدل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا: "میں خود کسی سے مقابلہ کرنے یا خود کو دوسروں سے موازنہ کرنے پر یقین نہیں رکھتی، لیکن میں نے دیکھا ہے کہ بعض اداکارائیں حسد کی وجہ سے دوسروں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرتی ہیں۔" ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف شوبز بلکہ ہر شعبے میں خواتین غیر محفوظ ہیں۔ ریحام رفیق نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مسئلہ صرف ڈرامہ انڈسٹری تک محدود نہیں بلکہ زیادہ تر پیشہ ورانہ شعبوں میں خواتین کو مختلف قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا: "ہر لڑکی کو ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے اور خود کو بچانے کے طریقے سیکھنے چاہییں۔" انہوں نے واضح کیا کہ انڈسٹری میں ہر قسم کے لوگ موجود ہوتے ہیں۔ "یہ انسان پر ہے کہ وہ کون سا راستہ اختیار کرتا ہے۔ میرے ساتھ ذاتی طور پر کبھی کوئی ناگوار واقعہ پیش نہیں آیا، لیکن مجموعی طور پر میں ڈرامہ انڈسٹری کو خواتین کے لیے غیر محفوظ سمجھتی ہوں۔"