بحریہ ٹاؤن کے مالی ریکارڈ کی ریکوری کیلئے ایف آئی اے کا نجی ہسپتال پر چھاپہ

بحریہ ٹاؤن کے مالی ریکارڈ کی ریکوری کیلئے ایف آئی اے کا نجی ہسپتال پر چھاپہ

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بحریہ ٹاؤن کے مالی ریکارڈ کی ریکوری کے لیے نجی فلاحی ہسپتال پر چھاپہ اور بےضابطگیوں کی تحقیقات سے منسلک دستاویزات برآمد کر لیں۔ چھاپے کے دوران ٹیم نے چھپائے گئے کمپیوٹر سرورز، ڈیجیٹل شواہد اور ڈیٹا بھی برآمد کرلیا، تمام ریکارڈ گیسٹ روم میں چھپایا گیا تھا اور ہسپتال کی نجی ایمبولینس کو ٹرانسپورٹیشن کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے اپنی کرپشن کے لیے نجی ہسپتال کو بطور فرنٹ آفس اور اہم ریکارڈ کو نظروں سے چھپانے کے لیے استعمال کیا۔ ایف آئی اے ٹیم نے بحریہ ٹاؤن کے دفتر سے اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا، جس میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مختلف منصوبوں کی فائلیں اور دیگر ریکارڈ بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے ملک ریاض کی جائیدادوں کی نیلامی کے لیے تاریخ مقرر کردی تھی۔ قومی احتساب بیورو کے مطابق ملک ریاض پراپرٹیز کی نیب نیلامی 7 اگست نیب راولپنڈی آفس اور جی سکس ون اسلام آباد میں ہوگی۔ جن جائیدادوں کی نیلامی کی جا رہی ہے، ان میں بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس ٹو پلاٹ نمبر ڈی سیون پارک روڈ، بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی شامل ہیں۔ نیلامی میں پلاٹ نمبر ای سیون پارک روڈ، بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس بھی شامل ہیں، روبیش مارکی اینڈ لان، بحریہ گارڈن سٹی، نزد بحریہ گارڈن سٹی گالف کورس اور بحریہ ٹاؤن اسلام آباد بھی نیلام ہوں گی۔