عام پاکستانی ہونے کے ناطے میں امن اور زندگی گزارنے کے لیے ایک پرسکون معاشرہ چاہتا ہوں
ملک کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ملک کے اسٹیک ہولڈرز سے خصوصی اپیل کی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا، مشتعل مظاہرین نے گاڑیوں، عمارتیں اور املاک کو نقصان پہنچایا۔
مظاہروں کی وجہ سے اسکولز اور کالجز بند کردیے گئے جب کہ ملک میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی۔
ملک کی موجودہ صورتحال پر سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'عام پاکستانی ہونے کے ناطے میں امن اور زندگی گزارنے کے لیے ایک پرسکون معاشرہ چاہتا ہوں، میری تمام اسٹیک ہولڈرز سے عاجزانہ درخواست ہے کہ اپنے پیارے ملک کی ترقی کے لیے کوئی صحیح حل تلاش کریں'۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو رہا کرکے انہیں پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے آج رات عمران خان کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہنےکی اجازت دی ہے۔
0 تبصرے