ساحر لوڌی کی نقلی ویڈیوز پر مذاق اڑانے والوں پر مہوش حیات برہم

ساحر لوڌی کی نقلی ویڈیوز پر مذاق اڑانے والوں پر مہوش حیات برہم

کراچی؛ پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر ساتھی فنکاروں کی جانب سے ساحر لوڌی کی نقل اتارنے والی وائرل ویڈیوز پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ میزبان و اداکار ساحر لوڌی کی کچھ ویڈیوز اس وقت سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جو ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی موجود ہیں۔ یہ ویڈیوز بھارتی پاپارازی اسٹائل میں بنائی گئی ہیں، جیسے ساحر کو علم نہ ہو کہ کوئی اس کی ویڈیو بنا رہا ہے، حالانکہ کیمرہ مین ان کا اپنا ہے اور ویڈیوز بھی خود ان کے پیج پر ہی شیئر کی جا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین ان ویڈیوز پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں، لیکن اب ساتھی فنکاروں نے بھی اسی طرز کی ویڈیوز بنانی شروع کر دی ہیں، جن میں ہدایتکار اور اداکار یاسر نواز، فیصل قریشی اور اعجاز اسلم شامل ہیں۔ ان نقلی ویڈیوز کا آغاز یاسر نواز نے کیا، جس کے بعد دیگر فنکاروں نے بھی ساحر لوڌی کے انداز میں ویڈیوز بنائیں۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ مہوش حیات نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ساحر لوڌی نے اس انڈسٹری میں اپنی ایک منفرد پہچان بنائی ہے اور آج تک اپنے مقام پر قائم ہے، جو لائقِ احترام ہے اور اتنا آسان نہیں۔ مہوش حیات نے کہا: "آپ کسی کے انداز کو ناپسند کر سکتے ہیں، لیکن اس شخص کی بنیادی عزت ہمیشہ برقرار رہنی چاہیے، سب کو نرمی اور شائستگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔"