کراچی: برطانیہ نے پاکستانی ائیر لائنز پر طویل عرصے سے عائد پابندیاں ختم کر دیں۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستانی ائیر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کے لیے درخواست دے سکتی ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق ائیرلائنز کو پروازوں کے لیے یوکے سی اے اے سے اجازت لینا ہوگی۔
برطانوی ہائی کمیشن کا بتانا ہے کہ سیفٹی لسٹ سے اخراج آزاد اور تکنیکی عمل کے تحت ہوا۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا ہے کہ میں پاکستانی ائیر لائن سے سفر کی منتظر ہوں، پاکستان کے ساتھ فضائی رابطوں میں بہتری خاندانوں کے ملاپ میں مددے دے گی۔
یاد رہے کہ مئی 2020 میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش ہونے والے حادثے کے بعد اس وقت کے وزیر ہوا بازی نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ ہمارے ملک کے ایک تہائی کمرشل پائلٹس کے پاس بوگس ڈگریاں ہیں جس کے بعد جون 2020 میں برطانیہ اور یورپ کے لیے پاکستانی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
حکومت کی مسلسل کوششوں کے بعد گزشتہ برس نومبر میں یورپی یونین نے پاکستانی ائیر لائن کی یورپ کے لیے پروازوں پر سے پابندی اٹھا لی تھی تاہم اب برطانیہ نے بھی پاکستانی ائیر لائنز پر عائد پابندی ہٹا لی ہے۔
0 تبصرے