پیپلز پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن پر گامزن ہے، شازیہ مری

پیپلز پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن پر گامزن ہے، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان اور رکنِ قومی اسمبلی شازیہ مری نے تعلقہ کھپرو میں ایک پروقار تقریب میں 372 سیلاب متاثرہ خواتین کو گھروں کی اسناد تقسیم کیں تقریب میں مقامی منتخب نمائندے ڈپٹی کمشنر اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مالکانہ حقوق کے ساتھ باعزت رہائش فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ دوبارہ سے اپنی زندگی کی بحالی کی جانب قدم بڑھا سکیں انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے اب تک 21 لاکھ مکانات تعمیر کیے جا چکے ہیں اور یہ تمام مکانات “سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز” اسکیم کے تحت متاثرہ خاندانوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر گامزن ہے، جو ہمیشہ خواتین کو بااختیار اور خود مختار دیکھنا چاہتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آج بھی لاکھوں مستحق گھرانوں کے لیے ایک مضبوط سہارا ہے اور پیپلز پارٹی کا یہ وژن ہے کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو معاشی طور پر مستحکم کیا جائے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ ہر متاثرہ خاندان کو باعزت چھت فراہم کی جائے اور کوئی بھی بے گھر نہ رہے شازیہ مری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے لے کر چل رہے ہیں اور خصوصاً خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا آغاز کیا جا چکا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جو ہمیشہ غریب، مظلوم اور پسماندہ طبقے کی آواز بنی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں تقریب کے اختتام پر اسناد حاصل کرنے والی خواتین نے شکرگزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے ان کے دکھوں کا مداوا کیا ہے اور اب وہ نئی امید کے ساتھ زندگی کا آغاز کریں گی۔