وڈیرہ شاہی بجٹ پیش کیا گیا، کراچی سے کشمور تک سندھ کی تباہی کا ذمہ دار مراد علی شاہ ہے: علی خورشیدی

وڈیرہ شاہی بجٹ پیش کیا گیا، کراچی سے کشمور تک سندھ کی تباہی کا ذمہ دار مراد علی شاہ ہے: علی خورشیدی

کراچی (ویب ڈیسک): سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی خود کو جمہوریت کی علمبردار کہتی ہے لیکن آج اسمبلی میں اس کا رویہ آمرانہ رہا۔ کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے اس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔ عوام کی بجٹ سے امیدیں وابستہ ہوتی ہیں کہ اس میں ان کے مسائل کے حل کے لیے اسکیمیں شامل ہوں گی، جبکہ گزشتہ 17 سال سے پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اہم شہری علاقوں کے نمائندوں کی تجاویز کو نظرانداز کیا گیا ہے، یہ بجٹ سندھ کے عوام کے لیے نہیں ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ دیہی سندھ سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے پیش کیا ہے، جس کا شہری سندھ سے کوئی تعلق نہیں، بجٹ میں اپوزیشن کی تجاویز کو اہمیت نہیں دی گئی۔ علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ کے وزیر خزانہ نے پری بجٹ بحث میں ایک قرارداد منظور کرائی تھی، جبکہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اسمبلی میں جھوٹا بیان دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی نیت صاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں یہاں صرف ڈیسک بجانے یا تقریریں کرنے کے لیے نہیں بھیجا، حکومت کا سربراہ اپنی ہی پارٹی چیئرمین کی بات نہیں سنتا۔ علی خورشیدی نے خبردار کیا کہ آج تو صرف ٹریلر ہے، حکمران اپنا قبلہ درست کریں، اپنی قیادت کو غلط رپورٹ دینا بند کریں، پیپلز پارٹی کی قیادت خود نگرانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک صرف تباہی ہے اور اس تباہی کا ذمہ دار وزیر اعلیٰ ہے، جنہیں شہری سندھ کے نمائندوں کی بات سننی پڑے گی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سندھ اسمبلی کا ایوان پیپلز پارٹی کی جاگیر نہیں ہے، ایران کا مسئلہ پوری مسلم دنیا کا مسئلہ ہے، ہمیں ایران کے بارے میں مذمتی قرارداد پیش کرنے نہیں دی گئی۔ علی خورشیدی نے مزید کہا کہ یہ سندھ کا نہیں بلکہ صرف پیپلز پارٹی کا وزیر اعلیٰ ہے، ہم وزیر اعظم سے رابطہ کریں گے تاکہ عوامی مسائل حل ہو سکیں۔